کراچی سندھ سے الگ ہوگا نہ وفاقی علاقہ بنے گا، سندھ حکومت کا مصطفیٰ کمال کے بیان پر ردعمل

کراچی (جانوڈاٹ پی کے) سمعتا افضال سید نے مصطفیٰ کمال کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی نہ سندھ سے الگ ہوگا اور نہ ہی اسے وفاقی علاقہ بنایا جائے گا۔

ترجمان سندھ حکومت نے اپنے بیان میں کہا کہ کراچی سندھ کا دل ہے اور سندھ اسمبلی واضح قرارداد کے ذریعے کراچی کو سندھ کا ناقابلِ تنسیخ حصہ قرار دے چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مصطفیٰ کمال اب تک یہ فیصلہ نہیں کر پائے کہ وہ ایم کیو ایم میں ہیں یا پی ایس پی میں، ایک طرف وہ ایم کیو ایم کے پلیٹ فارم پر سیاست کرتے ہیں جبکہ دوسری جانب الگ شناخت برقرار رکھنے کی کوشش کرتے ہیں۔

سمعتا افضال سید کا کہنا تھا کہ مصطفیٰ کمال جیسے سیاسی عناصر عوامی مسائل حل کرنے کے بجائے لسانی اور انتظامی تقسیم کی سیاست کو فروغ دے رہے ہیں۔

ترجمان سندھ حکومت نے مزید کہا کہ سندھ کے عوام باشعور ہیں اور وہ صوبے کی وحدت کے خلاف کسی بھی بیانیے کو قبول نہیں کریں گے، جبکہ سندھ میں رہنے والی تمام قومیتیں برابر کی شہری ہیں اور صوبے کی خوبصورتی اس کی رواداری، تنوع اور بھائی چارے میں ہے۔

مزید خبریں

Back to top button