سندھ پبلک ٹرانسپورٹ میں 50 ڈبل ڈیکر اور 500 الیکٹرک بسیں شامل کرنے کا فیصلہ

کراچی(جانوڈاٹ پی کے) سندھ حکومت نے صوبے میں پبلک ٹرانسپورٹ کے نظام کو جدید بنانے کے لیے 50 ڈبل ڈیکر اور 500 الیکٹرک بسیں ٹرانسپورٹ نیٹ ورک میں شامل کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

یہ فیصلہ سینئر وزیر سندھ شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں کیا گیا، جس میں پبلک ٹرانسپورٹ منصوبوں، بس ڈپوز کے لیے اراضی کی فراہمی اور مستقبل کے ماس ٹرانزٹ پلان پر تفصیلی غور کیا گیا۔

اجلاس میں سیکرٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، ڈی جی کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی آصف جان صدیقی، مختلف اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور دیگر متعلقہ محکموں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

حکام نے بسوں کی پارکنگ، آپریشن اور ڈپوز کے لیے درکار اراضی، مختلف اضلاع میں دستیاب سرکاری زمین، مجوزہ مقامات اور مستقبل کی ٹرانسپورٹ ضروریات پر تفصیلی بریفنگ دی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شرجیل انعام میمن نے کہا کہ 50 ڈبل ڈیکر اور 500 الیکٹرک بسوں کی شمولیت سے سندھ کے پبلک ٹرانسپورٹ نظام میں نمایاں بہتری آئے گی اور شہریوں کو جدید سفری سہولیات میسر آئیں گی۔

انہوں نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ اپنے اپنے اضلاع میں دستیاب خالی سرکاری اراضی کی نشاندہی کریں تاکہ ماس ٹرانزٹ منصوبوں کے لیے جدید بس ڈپوز قائم کیے جا سکیں۔

شرجیل میمن نے کہا کہ سندھ حکومت شہریوں کو جدید، آرام دہ، محفوظ اور ماحول دوست پبلک ٹرانسپورٹ فراہم کرنے کے اپنے عزم پر قائم ہے، جبکہ کوشش کی جا رہی ہے کہ نئی بسوں کو جلد از جلد سڑکوں پر لا کر عوام کے لیے فعال کیا جائے۔

مزید خبریں

Back to top button