سندھ کابینہ کے بڑے فیصلے، پانی و نکاسی آب منصوبوں کیلئے اضافی فنڈز اور سی ٹی ڈی کی استعداد بڑھانے کی منظوری

کراچی(جانوڈاٹ پی کے)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ترقیاتی منصوبوں، شہری سہولیات اور سکیورٹی سے متعلق متعدد اہم فیصلوں کی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں کابینہ کمیٹی برائے خزانہ کی سفارشات کی توثیق کرتے ہوئے صوبے بھر میں پانی کی فراہمی اور نکاسی آب کی مختلف سکیموں کیلئے اضافی فنڈز جاری کرنے کی منظوری دی گئی۔ اس کے علاوہ 16 سالانہ ترقیاتی پروگرام (ADP) سکیموں کیلئے بھی اضافی مالی وسائل فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے ہدایت کی کہ تمام منظور شدہ ادائیگیاں موجودہ مالی سال کے دوران مکمل کی جائیں تاکہ ترقیاتی منصوبوں میں تاخیر نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ شہری انفراسٹرکچر کی بہتری، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور عوامی خدمات کا فروغ حکومت سندھ کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔
مراد علی شاہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور فنڈز کے شفاف استعمال پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، جبکہ عوامی وسائل کے مؤثر اور ذمہ دارانہ استعمال کو یقینی بنایا جائے گا۔
کابینہ اجلاس میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (CTD) کی آپریشنل صلاحیتوں میں اضافے کیلئے خصوصی آلات اور خدمات کی خریداری کی بھی منظوری دی گئی، جس کا مقصد دہشتگردی کے خلاف اقدامات کو مزید مؤثر بنانا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سکیورٹی اداروں کی استعداد کار میں اضافہ اور مضبوط قانونی نظام کا قیام حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔



