ملک بھر میں رات12بجے سے صبح 6بجے تک سم کارڈز کی فروخت پر پابندی عائد

لاہور(جانوڈاٹ پی کے)پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی(پی ٹی اے)نے ملک میں غیر قانونی سموں کے اجرا کی روک تھام اور سکیورٹی نظام کو مزید موٴثر بنانے کے لیے تما موبائل فون کمپنیوں پر ملک بھر میں رات بارہ بجے سے صبح چھ بجے تک سم کارڈز کی فروخت پر پابندی عائد کردی ہے۔پی ٹی اے نے اہم اقدام اٹھاتے ہوئے تمام موبائل فون کمپنیوں کو ہدایت جاری کی ہے کہ رات 12 بجے سے صبح 6 بجے تک ملک بھر میں سم کارڈز کی فروخت معطل رکھی جائے یہ فیصلہ جعلی اور غیر قانونی سموں کے استعمال کے بڑھتے ہوئے خدشات کے پیشِ نظر کیا گیا ہے تاکہ صارفین کے تحفظ اور شفاف ٹیلی کام نظام کو یقینی بنایا جا سکے۔پی ٹی اے کے مطابق تمام مجاز فرنچائزز، ریٹیلرز اور دیگر سیل پوائنٹس ان اوقاتِ کار کی پابندی کے ذمہ دار ہوں گے ہدایات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف ٹیلی کام قوانین کے تحت سخت قانونی اور انتظامی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔اتھارٹی نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ صرف مجاز مراکز سے مقررہ اوقات میں سم خریدیں اور سم کی فعال سازی سے قبل بائیو میٹرک تصدیق لازمی مکمل کریں، پی ٹی اے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر کہیں ان ہدایات کی خلاف ورزی دیکھنے میں آئے تو فوری طور پر پی ٹی اے کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم، پی ٹی اے سی ایم ایس ایپ، ڈیجیٹل اسسٹنٹ واٹس ایپ یا ٹول فری نمبر پر اطلاع دیں۔ترجمان کے مطابق یہ اقدام صارفین کے مفادات کے تحفظ، سموں کے غلط استعمال کی روک تھام اور ملک میں محفوظ و شفاف ٹیلی کام ماحول کے قیام کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔

مزید خبریں

Back to top button