’’5 لاکھ 20 ہزار میں گزارہ نہیں ہوتا، تنخواہ 10 لاکھ ہونی چاہیے‘‘ ن لیگی رکن اسمبلی شمائلہ رانا کا بیان وائرل

لاہور (جانو ڈاٹ پی کے) مسلم لیگ ن کی رکن قومی اسمبلی شمائلہ رانا نے اپنی تنخواہ سے متعلق ایسا بیان دے دیا جس نے سوشل میڈیا پر نئی بحث چھیڑ دی۔
شمائلہ رانا کا کہنا تھا کہ انہیں 5 لاکھ 20 ہزار روپے تنخواہ ملتی ہے، تاہم اس رقم میں گزارہ نہیں ہوتا اور ان کے خیال میں تنخواہ 10 لاکھ روپے ماہانہ ہونی چاہیے۔
ن لیگی رکن قومی اسمبلی نے گفتگو کے دوران کہا کہ وہ ڈائٹنگ پر رہتی ہیں، اسی وجہ سے کچھ پیسے بچ جاتے ہیں، تاہم اگر وہ ڈائٹ پر نہ ہوں تو پھر اخراجات پورے کرنا مشکل ہوجاتا ہے۔
شمائلہ رانا کے اس بیان پر سوشل میڈیا پر مختلف قسم کے تبصرے سامنے آ رہے ہیں، جبکہ عام شہریوں کی جانب سے بھی ارکان پارلیمنٹ کی مراعات اور تنخواہوں کے حوالے سے بحث چھڑ گئی ہے۔
ان کے بیان نے بالخصوص موجودہ مہنگائی اور عام شہریوں کی آمدن کے تناظر میں سیاسی و عوامی حلقوں کی توجہ حاصل کرلی ہے۔



