لاڑکانہ کے گورنمنٹ سینٹ جوزف ہائی اسکول کے 3 اساتذہ کو بدسلوکی اور دھمکیوں کے الزام میں شوکاز نوٹس جاری

لاڑکانہ (رپورٹ: احسان جونیجو/نمائندہ جانو ڈاٹ پی کے) سندھ کے وزیر تعلیم سید سردار شاہ کی جانب سے معاملے کا نوٹس لینے کے بعد گورنمنٹ سینٹ جوزف ہائی سکول کے تین اساتذہ کو مبینہ بدانتظامی، دھمکیوں اور سرکاری امور میں مداخلت کے الزامات پر شوکاز نوٹس جاری کردیئے گئے ہیں،
ڈائریکٹر ایلیمینٹری اینڈ سیکنڈری اسکولز اللہ بخش سومرو نے ہائی اسکول ٹیچرز نیاز حسین سومرو، نظر محمد مغیری اور سجاد حسین جعفری کو جاری کردہ نوٹس میں موقف اختیار کیا ہے کہ اساتذہ نے نظم و ضبط کی خلاف ورزی، دھمکی آمیز رویے اور انتظامی معاملات میں غیر قانونی مداخلت کی، شوکاز نوٹس کے مطابق 19 مئی 2026 کو مذکورہ اساتذہ مبینہ طور پر چیف ہیڈ ماسٹر گل شیر سومرو کے دفتر میں جارحانہ انداز میں داخل ہوئے بدزبانی اور دھمکی آمیز زبان استعمال کی اور اسکول کے مخصوص فنڈز کے انتظامی کنٹرول اور استعمال سے متعلق معاملات پر غیر قانونی دباؤ ڈالنے کی کوشش کی،
نوٹس میں مزید کہا گیا ہے کہ اس دوران چیف ہیڈ ماسٹر کو سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دی گئیں متعلقہ اساتذہ کو ایک ہفتے کے اندر اپنی تحریری وضاحت جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے،
دوسری جانب چیف ہیڈ ماسٹر گل شیر سومرو نے بھی اس معاملے پر سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ سندھ کے سیکریٹری کو باقاعدہ تحریری شکایت ارسال کردی ہے.



