آزاد کشمیر انتخابات: 34 شکایات درج کرائیں، الیکشن کمیشن نے کارروائی نہیں کی، شیری رحمان


اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)پاکستان پیپلز پارٹی کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر انتخابات کے دوسرے مرحلے میں مبینہ بے ضابطگیوں کے حوالے سے پارٹی نے الیکشن کمیشن کو 34 شکایات جمع کرائیں، مگر کسی ایک شکایت پر بھی کارروائی نہیں کی گئی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (X) پر جاری اپنے بیان میں شیری رحمان نے سوال اٹھایا کہ کیا کسی نے یہ کہا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے انتخابات کے دوسرے مرحلے میں بے ضابطگیوں سے متعلق کوئی شکایت درج نہیں کرائی؟
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے تمام شکایات باقاعدہ طور پر الیکشن کمیشن کے سامنے پیش کیں، تاہم افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ کسی ایک شکایت پر بھی کوئی ایکشن نہیں لیا گیا۔
شیری رحمان نے اپنے دعوے کے ثبوت کے طور پر الیکشن کمیشن کو جمع کرائی گئی تمام 34 شکایات کی فہرست بھی اپنی پوسٹ کے ساتھ شیئر کی اور مطالبہ کیا کہ انتخابی شکایات کی شفاف تحقیقات کرکے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔