بنگلہ دیش کی مفرور سابق وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کا ملک واپسی کا اعلان

نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک)بنگلہ دیش کی مفرور سابق وزیراعظم شیخ حسینہ نے اعلان کیا ہے کہ وہ رواں سال ہر صورت اپنے وطن واپس جائیں گی، حالانکہ انہیں گزشتہ برس انسانیت کے خلاف جرائم سمیت دیگر مقدمات میں غیر حاضری کے دوران سزائے موت سنائی جا چکی ہے۔
78 سالہ شیخ حسینہ اگست 2024 میں طلبہ کی قیادت میں چلنے والی احتجاجی تحریک کے بعد، جس نے ان کے 15 سالہ دورِ حکومت کا خاتمہ کیا، بھارت منتقل ہو گئی تھیں۔
بھارتی نشریاتی ادارے کو دیے گئے انٹرویو میں شیخ حسینہ نے کہا کہ وہ موت سے خوفزدہ نہیں ہیں اور ان کے خلاف دیا گیا فیصلہ غیر قانونی، غیر آئینی اور سیاسی بنیادوں پر مبنی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان کے خلاف متعدد سازشیں کی گئیں، تاہم وہ ہر بار عوامی حمایت سے کامیاب ہوئیں اور پانچ مرتبہ وزیراعظم منتخب ہو کر ملک کی ترقی کے لیے کام کیا۔
شیخ حسینہ نے واضح الفاظ میں کہا کہ وہ تمام رکاوٹوں اور سازشوں کے باوجود اسی سال بنگلہ دیش واپس آئیں گی۔
یاد رہے کہ گزشتہ برس نومبر میں ڈھاکہ کی ایک عدالت نے انہیں اشتعال انگیزی، قتل کے احکامات دینے اور مظالم روکنے میں ناکامی کے الزامات پر قصوروار قرار دیتے ہوئے سزائے موت سنائی تھی۔
دوسری جانب ان کی جماعت عوامی لیگ کی سرگرمیوں پر بھی پابندی عائد کی جا چکی ہے، جبکہ بنگلہ دیش مسلسل بھارت سے شیخ حسینہ کی حوالگی کا مطالبہ کر رہا ہے، اگرچہ دونوں ممالک کے تعلقات میں حالیہ عرصے کے دوران کچھ بہتری بھی دیکھی گئی ہے۔



