وزیراعظم کی صدر آصف زرداری سے اہم ملاقات،امریکا ایران مذاکرات کے مختلف مراحل پرتفصیلی بریفنگ دی

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)وزیراعظم شہبازشریف نے صدر مملکت آصف زرداری سے ملاقات کی اور امریکا ایران مذاکرات کے تمام پہلوؤں پر اعتماد میں لیا۔

منگل کو  وزیراعظم شہبازشریف نے صدر مملکت آصف زرداری سے ایوان صدر میں ملاقات کی۔

وزیراعظم نے صدرمملکت کو مذاکرات کے مختلف مراحل پرتفصیلی بریفنگ دی اور امریکا ایران مذاکرات کے تمام پہلوؤں پر اعتماد میں لیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کی ثالثی کے ذریعے حاصل پیشرفت پر بریفنگ بھی دی اور  صدرمملکت کو اپنے سعودی عرب اورترکیے کے آنے والے دوروں سے بھی آگاہ کیا۔

اس موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری  نے کہا کہ جنگ کے اثرات خطے اور بین الاقوامی سکیورٹی معیشت اور سیاست پر ہوئے ہیں۔

صدرمملکت نے ایران امریکا مذاکرات کی میزبانی کے لیے پاکستان کی انتھک کوششوں اور وزیراعظم ، فیلڈ مارشل اور تمام ریاستی اداروں کی کاوشوں کو سراہا۔

صدرمملکت نے کہا کہ پاکستان نے ایک ذمہ داراورکلیدی ریاست کے طورپراپنی حیثیت کو مزید مستحکم کیا ہے، پاکستان نے دنیا کے سامنے اپنی امن پسندی کی ساکھ کو ثابت کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم ،نائب وزیراعظم امریکا ایران اورعلاقائی،عالمی طاقتوں کیساتھ رابطے میں رہیں۔  رابطوں سے امن عمل کے تسلسل اورعلاقائی ہم آہنگی کو یقینی بنایا جاسکتا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button