وزیراعظم شہباز شریف کی واشک میں مزدوروں کے قتل کی مذمت، دہشت گردوں کے خلاف کارروائی جاری رکھنے کا عزم


اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بلوچستان کے ضلع واشک کے علاقے ماشکیل میں دہشت گردوں کے ہاتھوں 5 بے گناہ مزدوروں کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے واقعے کو انتہائی سفاکانہ اور بزدلانہ قرار دیا ہے۔
وزیراعظم نے شہداء کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ معصوم اور نہتے مزدوروں کو نشانہ بنانا انسانیت سوز جرم ہے، ایسے واقعات میں ملوث عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ فتنہ الہندوستان کے دہشت گرد اپنے مذموم عزائم کے لیے بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنا رہے ہیں، تاہم ایسے بزدلانہ حملے دہشت گردی کے خلاف قوم کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتے۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت اور سکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور ہر شہری کے جان و مال کے تحفظ کے لیے پرعزم ہیں۔