سندھ حکومت کا بغیر پرمٹ گاڑیوں کیخلاف کارروائی کا حکم
فٹنس سرٹیفکیٹ آن لائن جاری کررہےہیں،شرجیل میمن

کراچی(جانوڈاٹ پی کے)حکومت سندھ نے صوبے بھر میں بغیر درست روٹ پرمٹ اور فٹنس سرٹیفکیٹ کے چلنے والی پبلک سروس گاڑیوں کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دے دیا ہے۔
ایک بیان میں سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ اس ضمن میں ڈپٹی کمشنرز اور چیئرمین ڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹیز (ڈی آر ٹی اے) کو باقاعدہ مراسلہ جاری کر دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ بڑی تعداد میں گاڑیوں کے روٹ پرمٹ اور فٹنس سرٹیفکیٹس کی معیاد ختم ہو چکی ہے، جس پر متعلقہ حکام کو ہدایت دی گئی ہے کہ تمام گاڑیاں موٹر وہیکلز آرڈیننس 1965 اور موٹر وہیکلز رولز 1969 کے تحت لازمی دستاویزات کے ساتھ ہی سڑکوں پر چلائی جائیں۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ روٹ پرمٹس اور فٹنس سرٹیفکیٹس کے اجرا کے لیے ڈیجیٹل نظام متعارف کرایا جا چکا ہے، فٹنس سرٹیفکیٹس مکمل طور پر آن لائن جاری کیے جا رہے ہیں جبکہ بین الاضلاعی اور شہری روٹس کے پرمٹس بھی خودکار نظام کے ذریعے فراہم کیے جا رہے ہیں، اور جلد ہی مینوئل روٹ پرمٹس کو مکمل طور پر ختم کر دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ ٹرانسپورٹرز کو سبسڈی فراہم کر رہی ہے، تاہم یہ شرط عائد کی گئی ہے کہ 27 فروری 2026 سے پہلے کا کرایہ ہی وصول کیا جائے، اس کے باوجود متعدد شکایات موصول ہوئی ہیں کہ بعض ٹرانسپورٹرز زائد کرایہ وصول کر کے شہریوں کا استحصال کر رہے ہیں۔
سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے متعلقہ حکام کو خصوصی چیکنگ مہم شروع کرنے، بغیر درست روٹ پرمٹ یا فٹنس سرٹیفکیٹ کے چلنے والی گاڑیوں کے خلاف فوری کارروائی کرنے اور تمام پبلک سروس گاڑیوں میں کرایہ نامہ نمایاں طور پر آویزاں کرنے کی ہدایت کی تاکہ عوام کو مکمل آگاہی حاصل ہو سکے۔
انہوں نے کہا کہ اسکول وینز اور بین الاضلاعی پبلک ٹرانسپورٹ میں سی این جی اور ایل پی جی کے استعمال پر عائد پابندی پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ حکام کو واضح طور پر کہا گیا ہے کہ کسی بھی گاڑی کو بغیر مکمل دستاویزات کے سڑکوں پر چلنے کی ہرگز اجازت نہ دی جائے۔



