گلوکار شان نے ممبئی میں 48 کروڑ کے تین لگژری فلیٹس خریدلیے

ممیئی(جانوڈاٹ پی کے)بالی ووڈ کے معروف گلوکار شانتانو مکھرجی جو شان کے نام سے مشہور ہیں اور ان کی اہلیہ رادھیکا مکھرجی نے ممبئی میں تین لگژری فلیٹس خرید لیے۔ ان فلیٹس کی مجموعی قیمت 47.64 کروڑ بھارتی روپے ہے۔
پراپرٹی رجسٹریشن دستاویزات کے مطابق یہ اپارٹمنٹس باندرہ ویسٹ کی ٹرنر روڈ پر واقع پالمیرا پروجیکٹ کی بلند منزلوں پر موجود ہیں اور ان کا مجموعی رقبہ 6,267.87 مربع فٹ ہے جس میں 9 کار پارکنگز بھی شامل ہیں جبکہ ہر فلیٹ کی قیمت 15.88 کروڑ روپے ہے۔
اس خریداری پر مجموعی طور پر 2.70 کروڑ روپے اسٹامپ ڈیوٹی ادا کی گئی، جبکہ رجسٹریشن 20 اگست 2026 کو ہوئی۔ 54 سالہ شان اور رادھیکا نے تین الگ الگ اپارٹمنٹس کو ملا کر ایک نیا رہائشی یونٹ بنایا ہے، جس کی رجسٹریشن بھی 20 اگست کو مکمل ہوئی۔
ٹرنر روڈ پر واقع یہ لگژری کنڈومینیم بالی ووڈ کی تاریخ سے بھی جڑا ہوا ہے، کیونکہ یہ عمارت ماضی میں معروف اداکارہ مالا سنہا کی رہائش گاہ تھی۔
شان اور رادھیکا کی تقریباً 48 کروڑ کی یہ خریداری ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ممبئی کی لگژری ہاؤسنگ مارکیٹ میں بہت زیادہ سرگرمی دیکھی جا رہی ہے۔
گزشتہ سال بھی شان اور ان کی اہلیہ رادھیکا نے پونا میں تقریباً 10 کروڑ روپے مالیت کا ایک لگژری بنگلہ خریدا تھا۔



