ذوالفقار علی بھٹو کی سیاسی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، وزیراعظم

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ذوالفقار علی بھٹو کی برسی پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ انکی قومی اور سیاسی و آئینی خدمات پر ان کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو نے وزیراعظم کی حیثیت سے ملک کی ترقی و خوشحالی اور مضبوط دفاع کے تناظر میں خلوص نیت سے گراں قدر خدمات پیش کی، آئین پاکستان 1973 کی تیاری اور منظوری میں ذوالفقار علی بھٹو نے تعمیری کردار ادا کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ 1973 کے آئین کو ملک میں پارلیمانی نظام کی مضبوطی اور جمہوریت کے فروغ میں کلیدی حیثیت حاصل ہے، ذوالفقار علی بھٹو نے جمہوریت میں عوامی طرز حکمرانی اور عوام کے بنیادی مسائل کے حل کے لئے قابل قدر کاوشیں کیں، جبکہ انہوں نے وزیراعظم کی حیثیت سے پاکستان کی عالمی افق پر نمائندگی بھی کی۔
علاوہ ازیں، انہوں نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو کی بلندی درجات کے لئے دعا گو ہیں، ذوالفقار علی بھٹو کی سیاسی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔



