روس ایران اور عرب ممالک کے درمیان مذاکرات کے لیے متحرک، پاکستان بھی سفارتی کوششوں میں شامل ہوگا


ماسکو(مانیٹرنگ ڈیسک) روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے کہا ہے کہ ماسکو ایران اور عرب ممالک کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے لیے سفارتی کوششیں تیز کر رہا ہے اور تمام فریقوں کو مذاکرات کی میز پر لانے کا خواہاں ہے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق سرگئی لاوروف نے اپنے بیان میں کہا کہ روس خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پرامن حل کے لیے ایران اور عرب ممالک کے درمیان براہِ راست بات چیت کا حامی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس سفارتی عمل میں پاکستان، چین اور مصر بھی تعاون کریں گے، جبکہ ایران نے عرب ممالک کے ساتھ مذاکرات کے لیے آمادگی ظاہر کی ہے۔
روسی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں سفارت کاری ہی خطے میں امن و استحکام کی بحالی کا مؤثر راستہ ہے، اس لیے تمام متعلقہ ممالک کو تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے مذاکرات کو موقع دینا چاہیے۔