ماشکیل میں دہشت گردوں کی سرکاری تنصیبات پر حملے کی کوشش ناکام، اسلحہ و گاڑیاں چھوڑ کر فرار


راولپنڈی(جانوڈاٹ پی کے) سکیورٹی فورسز نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے ماشکیل میں دہشت گردوں کی جانب سے سرکاری تنصیبات کو نقصان پہنچانے کی کوشش ناکام بنا دی۔
سکیورٹی فورسز کی جوابی فائرنگ کے نتیجے میں دہشت گرد حواس باختہ ہوکر فرار ہونے پر مجبور ہوگئے، جبکہ کارروائی کے دوران دہشت گردوں سے اسلحہ، گاڑیاں، موٹر سائیکلیں اور بڑی مقدار میں گولہ بارود قبضے میں لے لیا گیا۔
اسسٹنٹ کمشنر ماشکیل کے مطابق مسلح افراد نے پولیس، کسٹمز ویئر ہاؤس اور دیگر سرکاری تنصیبات کو نشانہ بنانے کی کوشش کی، تاہم صورتحال کی سنگینی کے پیش نظر ایف سی بلوچستان نے فوری اور مؤثر کارروائی کی۔
اے سی ماشکیل کے مطابق سکیورٹی فورسز کے بروقت ردعمل کے باعث مسلح افراد مزاحمت جاری رکھنے میں ناکام رہے اور اپنی گاڑیاں و بڑی مقدار میں گولہ بارود موقع پر چھوڑ کر فرار ہوگئے۔