شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی، متعدد خوارج ہلاک، ٹھکانے تباہ

پشاور (جانوڈاٹ پی کے)خیبر پختونخوا میں سکیورٹی فورسز کی جانب سے ’وژن عزمِ استحکام‘ کے تحت کی جانے والی مؤثر انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں کے دوران فتنۃ الخوارج کے متعدد دہشت گرد مارے گئے ہیں، جبکہ ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کر لیا گیا ہے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق صوبے میں گزشتہ دو ماہ سے دہشت گردوں کے خلاف بلاامتیاز اور ہدف پر مبنی کارروائیاں جاری ہیں۔ اسی سلسلے میں شمالی وزیرستان کے علاقے کھٹی کلی میں سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر شدید حملہ کر کے متعدد خوارج کو جہنم واصل کر دیا، جبکہ کئی دہشت گردوں کے شدید زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ ان آپریشنز کے دوران خوارج کے متعدد خفیہ ٹھکانے مکمل طور پر تباہ کر دیے گئے ہیں اور موقع سے بھاری تعداد میں اسلحہ، بارودی مواد اور دیگر ساز و سامان تحویل میں لے لیا گیا ہے۔
سکیورٹی حکام نے واضح کیا ہے کہ تمام آپریشنز کے دوران اس بات کو ہر ممکن حد تک یقینی بنایا جا رہا ہے کہ مقامی آبادی کو کوئی نقصان نہ پہنچے اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو اولیت دی جائے۔ سکیورٹی فورسز نے عزم کا اعادہ کیا ہے کہ خیبر پختونخوا میں پائیدار امن کے قیام اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک یہ کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔



