سعودی عرب کے قومی دن پر صدر اور وزیراعظم کی سعودی قیادت و عوام کو مبارکباد

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب کے 96ویں قومی دن کے موقع پر خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود، ولی عہد و وزیراعظم محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور سعودی عوام کو مبارکباد پیش کی ہے۔
صدر مملکت نے سعودی قیادت کے نام اپنے تہنیتی خطوط میں نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب مشترکہ عقیدے، تاریخ، دوستی، باہمی اعتماد اور یکجہتی کے گہرے رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ تزویراتی باہمی دفاعی معاہدہ اور مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ دونوں ممالک کی دیرینہ شراکت داری میں اہم سنگ میل ہیں، جو خطے میں امن، استحکام اور سلامتی کے فروغ میں کردار ادا کر رہے ہیں۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب اپنے قریبی تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، جبکہ دوطرفہ، علاقائی اور عالمی فورمز پر باہمی تعاون اور حمایت دونوں ممالک کے تعلقات کا اہم حصہ ہے۔
انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ دونوں برادر ممالک کے تعلقات باہمی مفاد کے مختلف شعبوں میں مزید مضبوط اور وسیع ہوں گے۔ آصف علی زرداری نے ولی عہد محمد بن سلمان کا مناسب اور جلد تاریخ پر پاکستان میں خیرمقدم کرنے اور دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کیلئے ان کے ساتھ کام کرنے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنی سٹریٹجک شراکت داری مزید مضبوط بنانے کیلئے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان سٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدے پر دستخط دوطرفہ تعلقات کی اہمیت اور باہمی تعاون کا عکاس ہیں۔
وزیراعظم نے حوثی حملوں، بالخصوص مکہ مکرمہ پر ڈرون حملے کی کوشش کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حرمین شریفین کی حرمت اور سلامتی کو لاحق کوئی بھی خطرہ دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کرتا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کی خودمختاری اور سلامتی کے تحفظ کیلئے شانہ بشانہ کھڑا ہے، جبکہ دونوں برادر ممالک کے تعلقات مستقبل میں بھی مزید مضبوط ہوتے رہیں گے۔



