بحیرہ احمر کی سکیورٹی پر سعودی عرب اور ترکیہ کا اتفاق، محمد بن سلمان اور اردگان کا تعاون مزید بڑھانے کا عزم


ریاض(مانیٹرنگ ڈیسک) سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور ترک صدر رجب طیب اردگان کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا، جس میں مشرقِ وسطیٰ کی مجموعی صورتحال اور بحیرہ احمر کی سکیورٹی پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے بحیرہ احمر میں امن، استحکام اور بین الاقوامی جہاز رانی کے تحفظ کی اہمیت پر زور دیا۔ ترک صدر رجب طیب اردگان نے حوثیوں کی جانب سے تجارتی جہازوں پر حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔
صدر اردگان نے سعودی قیادت میں قائم بحری دفاعی اتحاد کا خیرمقدم کیا، جبکہ دونوں ممالک نے علاقائی سلامتی، بحری سکیورٹی اور دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
رہنماؤں نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ بحیرہ احمر میں عالمی تجارتی راستوں کے تحفظ اور سمندری سلامتی کے لیے مشترکہ تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا۔