سعودی عرب نے پرنس سلطان ایئربیس پر حملے کی خبروں کوجھوٹی اور بے بنیاد قرار دیدیا

ریاض(جانوڈاٹ پی کے)سعودی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ پرنس سلطان ایئربیس پر حملے کی خبریں جھوٹی اور بے بنیاد ہیں۔
عرب میڈیا رپورٹ کے مطابق ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی کا کہنا ہے کہ الخرج گورنری میں واقع پرنس سلطان ایئربیس کو نشانہ بنائے جانے کی خبریں غلط ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج صبح الخرج گورنری میں فضائی حملے کے سائرن بجنا صرف احتیاطی تدبیر تھی۔
سعودی وزارت دفاع نے کہا کہ یمن سے داغے گئے ایک بیلسٹک میزائل کے باعث احتیاطی تدبیر کے طور پر سائرن بجائے گئے تھے۔
میجر جنرل ترکی المالکی نے کہا کہ یمن سے داغا گیا بیلسٹک میزائل سرحد کے قریب غائب ہوگیا تھا، میزائل فائر کی تفصیلات معلوم کرنے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل سعودی سول ڈیفنس کے احتیاط کے طور پر نیشنل پلیٹ فارم فار ایمرجنسی الری وارننگ سائرن کو فعال کرنے کے بعد الخرج میں ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔
سول ڈیفنس نے عوام سے بھی تاکید کی تھی کہ وہ سرکاری ہدایات پر عمل کرتے رہیں اور واقعات کی جگہوں پر جمع ہونے سے گریز کریں۔



