کراچی، گلشن اقبال میں گھر میں ڈکیتی کے دوران بزرگ خاتون قتل

کراچی(جانوڈاٹ پی کے)کراچی کے علاقے گلشن اقبال بلاک 13 ڈی میں گھر میں ڈکیتی کے دوران ایک بزرگ خاتون کو قتل کر دیا گیا، جبکہ ملزمان نقدی اور زیورات لوٹ کر فرار ہو گئے۔
ذرائع کے مطابق ملزمان واردات کے دوران بزرگ خاتون کے کانوں سے زیورات بھی کھینچ کر لے گئے۔ واقعے کے بعد پولیس نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے ہیں۔
ایس پی گلشن اقبال شبیر سرکی نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور شواہد جمع کیے جا رہے ہیں، اس مرحلے پر حتمی طور پر کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ابتدائی تحقیقات کی روشنی میں امکان ہے کہ واردات میں کوئی قریبی شخص ملوث ہو سکتا ہے، تاہم اس حوالے سے مزید تفتیش جاری ہے۔
دوسری جانب مقتولہ کی بیٹی نے سماء سے گفتگو میں بتایا کہ ان کی والدہ اور معذور بھائی گھر میں اکیلے رہتے تھے۔ ان کے مطابق واردات کے دوران ملزمان نقدی اور زیورات بھی لوٹ کر لے گئے۔
مقتولہ کی بیٹی کا کہنا تھا کہ واقعے کے وقت والدہ گھر میں موجود تھیں جبکہ گھر کے نچلے حصے میں کرایہ دار رہائش پذیر ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ملزمان نے ان کی والدہ کے سر پر اینٹ ماری جس کے باعث وہ جان کی بازی ہار گئیں۔



