راولپنڈی اسلام آباد میٹرو بس میں خوفناک آگ، بس مکمل طور پر جل گئی


راولپنڈی (جانوڈاٹ پی کے) راولپنڈی اسلام میٹرو بس سروس کی ایک بس میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری بس کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
میٹرو بس میں لگی آگ کے شعلے اور دھواں دور دور سے دیکھا گیا۔ اطلاعات کے مطابق آگ بس کے انجن میں لگی جس کے بعد پوری گاڑی جلنے لگی۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ آتشزدگی کا واقعہ سیکستھ روڈ میٹرو اسٹیشن کے قریب پیش آیا۔ خوش قسمتی سے بس میں کوئی مسافر موجود نہیں تھا، جس کے باعث کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ بس اسلام آباد سے راولپنڈی جا رہی تھی۔
واقعے کے فوراً بعد ریسکیو اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں جبکہ آگ بجھانے کی کوششیں جاری ہیں۔ حکام کے مطابق آگ لگنے کی وجوہات تاحال معلوم نہیں ہو سکیں۔