آزاد کشمیر میں ن لیگ اکیلے حکومت بنائے گی، الیکشن میں دھاندلی کا شور محض پروپیگنڈا ہے، رانا ثنااللہ

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے) وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور سینیٹر رانا ثناء اللہ نے دعویٰ کیا ہے کہ مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر میں کسی اتحادی کے بغیر اپنی حکومت قائم کرے گی۔ نجی ٹی وی کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں سینیٹر رانا ثناء اللہ نے آزاد کشمیر کے حالیہ انتخابات کو مکمل طور پر شفاف، آزادانہ اور منصفانہ قرار دیتے ہوئے اپوزیشن کے تحفظات اور الزامات کو رد کر دیا۔

رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ پنجاب میں مسلم لیگ (ن) کے دورِ حکومت میں ہونے والے شاندار ترقیاتی کاموں کو دیکھ کر آزاد کشمیر کے عوام نے ن لیگ کے حق میں اپنا فیصلہ سنایا ہے۔ انہوں نے پاکستان پیپلز پارٹی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پی پی پی الیکشن کے دوسرے مرحلے میں بھی بلاجواز پروپیگنڈا کرتے ہوئے شامل ہوئی۔ تاہم، انہیں قوی امید ہے کہ انتخابات کے اگلے مرحلے کی 10 نشستوں میں سے مسلم لیگ (ن) کم از کم 7 نشستوں پر شاندار کامیابی حاصل کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ تیسرے مرحلے کے مکمل ہوتے ہی پیپلز پارٹی کو بھی حقیقت پسندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نتائج تسلیم کرنا پڑیں گے، کیونکہ بلاول بھٹو زرداری کو اندرونی طور پر اچھی طرح معلوم ہے کہ الیکشن بالکل شفاف ہوئے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں ن لیگ کے سینئر رہنما نے واضح کیا کہ نئے صوبوں کی تشکیل سے متعلق فی الوقت ن لیگ کے کسی اجلاس میں ایسا کوئی فیصلہ یا پیشرفت نہیں ہوئی اور نہ ہی یہ موضوع موجودہ ایجنڈے کا حصہ ہے۔

آئینی و پارلیمانی نظام پر گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ 1973 کے آئین اور ملک کے پارلیمانی جمہوری نظام میں کوئی خرابی یا کمی نہیں ہے۔ اس آئین نے گزشتہ آدھی صدی سے تمام تر بحرانوں، مارشل لاؤں اور آمریت کے دور کے باوجود وفاق اور پورے ملک کو یکجا رکھا ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نظام میں کوئی خرابی نہیں بلکہ کمی ہم حکمرانوں اور سیاست دانوں میں ہے جو ہم آئین پر اس کی روح کے مطابق عمل پیرا نہیں ہوتے۔ اگر ہم سچائی اور ایمانداری کے ساتھ آئین پر عمل کریں تو یہی نظام بہترین نتائج دے گا۔ اگر ہم آئین کی خلاف ورزی کریں گے اور نظام کو مفادات کی زنجیروں میں جکڑ کر رکھیں گے تو یہ کیسے کام کرے گا؟ یہی سسٹم نصف صدی تک ملک کو سنبھالے رہا اور آئندہ بھی کامیاب رہے گا۔

مزید خبریں

Back to top button