پنجاب سمیت مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش، گرمی کا زور ٹوٹ گیا، گلیشیئر پگھلنے اور سیلابی صورتحال کا خدشہ

لاہور، اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے) اسلام آباد، لاہور اور پنجاب کے مختلف شہروں میں گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش نے موسم خوشگوار بنا دیا، تاہم بعض علاقوں میں نشیبی مقامات زیر آب آنے اور بجلی کی بندش کے مسائل بھی سامنے آئے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ ہونے والی بارش سے گرمی کی شدت میں کمی آگئی، جبکہ خراب موسم کے باعث متعدد پروازیں بھی متاثر ہوئیں۔

لاہور میں ایبٹ روڈ، لکشمی چوک، گڑھی شاہو، مال روڈ، سول سیکرٹریٹ، ساندہ، چوبرجی، مزنگ، سمن آباد، جیل روڈ، گلبرگ، نشتر ٹاؤن اور جوہر ٹاؤن سمیت مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں ہواؤں کی رفتار 20 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید بارش کا امکان ہے۔

بارش کے پیش نظر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر واسا لاہور سمیت تمام متعلقہ ادارے الرٹ کر دیے گئے ہیں تاکہ نکاسی آب کے نظام کو فعال رکھا جا سکے۔

پنجاب کے دیگر شہروں میانوالی، بھلوال، کندیاں، سانگلہ ہل، جھنگ اور چنیوٹ (چناب نگر) میں بھی تیز ہواؤں اور بارش سے موسم بہتر ہوگیا، تاہم بعض نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔ بارش کے باعث کئی فیڈرز ٹرپ کرنے سے بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی اور شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا کے نوشہرہ، مردان، چارسدہ سمیت دیگر علاقوں میں بھی بارش کا امکان ہے۔

دوسری جانب پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے بارشوں کے باعث گلیشیئرز تیزی سے پگھلنے کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے سے خبردار کر دیا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button