کوئٹہ میں پیٹرول بحران شدت اختیار کر گیا، بیشتر پمپس بند، شہری لمبی قطاروں میں خوار

کوئٹہ(جانوڈاٹ پی کے) شہر میں پیٹرول اور ڈیزل کی قلت بدستور برقرار ہے جس کے باعث بیشتر پیٹرول پمپس بند ہو چکے ہیں، جبکہ کھلے پمپس پر شہریوں کا شدید رش اور گاڑیوں کی طویل قطاریں دیکھنے میں آ رہی ہیں۔
پیٹرول کی عدم دستیابی نے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ایرانی پیٹرول پر پابندی اور مقامی سطح پر ایندھن کی محدود فراہمی کے باعث صورتحال سنگین ہو چکی ہے، گھنٹوں انتظار کے باوجود کئی افراد کو پیٹرول حاصل نہیں ہو رہا۔
صدر پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے مطابق موجودہ قلت کی بنیادی وجہ عیدالاضحیٰ کی تعطیلات کے دوران ملکی پیٹرولیم کمپنیوں سے سپلائی میں تاخیر ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ شکارپور کے ڈپوؤں سے پیٹرول اور ڈیزل کی وافر مقدار میں لوڈنگ شروع ہو چکی ہے اور صورتحال آئندہ دو روز میں معمول پر آنے کی توقع ہے۔
دوسری جانب ضلعی انتظامیہ نے بحران سے نمٹنے کے لیے ایمرجنسی کنٹرول روم قائم کر دیا ہے اور شہر بھر کے پیٹرول پمپس کی نگرانی کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر مہر اللہ بادینی کے مطابق رجسٹرڈ پیٹرول پمپس کو روزانہ 5 ہزار لیٹر تک ایندھن فراہم کیا جا رہا ہے اور کسی بھی پمپ کی بلاجواز بندش برداشت نہیں کی جائے گی۔ انتظامیہ نے عوام کو یقین دلایا ہے کہ ایندھن کی فراہمی جلد معمول پر لانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔



