اوورسیز پاکستانیوں کے لیے بڑی خوشخبری: لندن میں بیٹھ کر پنجاب میں جائیداد کی ڈیجیٹل منتقلی کا اغاز

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے) وزیراعظم پاکستان کے وژن کے مطابق بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کی آسانیاں پیدا کرنے کے لیے پاکستان ہائی کمیشن لندن نے پنجاب میں جائیداد کی براہِ راست ڈیجیٹل منتقلی (Digital Transfer) کی سہولت کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر جاری ایک بیان میں پاکستان ہائی کمیشن لندن نے بتایا کہ اس جدید اور شفاف نظام کے تحت اب اوورسیز پاکستانیوں کو جائیداد کی منتقلی کے لیے کسی پاور آف اٹارنی، ایجنٹ یا ڈیلر کی ضرورت نہیں رہے گی اور نہ ہی انہیں صرف جائیداد کی منتقلی کے لیے پاکستان کا سفر کرنا پڑے گا۔

ہائی کمیشن کے مطابق یہ ڈیجیٹل طریقہ کار انتہائی محفوظ، شفاف، تیز رفتار اور کم خرچ ہے۔ اس سہولت کے عملی ثبوت کے طور پر مسٹر فضل اور ان کے اہل خانہ کی جائیداد کی ڈیجیٹل منتقلی کا عمل لندن ہائی کمیشن سے کامیابی کے ساتھ مکمل کر لیا گیا ہے۔

پاکستان ہائی کمیشن نے اعادہ کیا ہے کہ وہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو ان کی جائیدادوں کی حفاظت اور سہولت کی فراہمی کے لیے ہر وقت کوشاں ہے۔

مزید خبریں

Back to top button