پی ٹی آئی میں مفادات کا ٹکراؤ ؟ مشعال یوسفزئی کیخلاف سلمان اکرم راجہ گروپ متحرک ہو گیا

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) میں مشعال یوسفزئی اور سلمان اکرم راجہ کے درمیان جاری تنقید اور نوک جھونک کے پس منظر میں پارٹی کے اندر اختلافات کا معاملہ مزید نمایاں ہوگیا ہے۔

پنجاب بار کونسل کے 9 اراکین نے مشعال یوسفزئی کے خلاف کارروائی کے لیے پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر اور انتظار حسین پنجوتھہ کو خط لکھ دیا۔

خط لکھنے والوں میں محمد فیصل ملک، عابد حفیظ ورک، چوہدری زبیر احمد، رانا ضمیر، چوہدری عمران چٹھہ، صہیب بھٹی، سردار نبی احمد، رانا حسیب احمد اور میاں یاسر صدیقی شامل ہیں۔

دوسری جانب انصاف لائرز فورم (آئی ایل ایف) نے سلمان اکرم راجہ سے متعلق وضاحت جاری کرتے ہوئے ٹکٹوں کی تقسیم کے معاملے میں ان پر عائد الزامات کی تردید کی ہے۔

آئی ایل ایف کے مطابق سلمان اکرم راجہ نے ٹکٹوں کی تقسیم پر کوئی رقم وصول نہیں کی۔ فورم کا کہنا ہے کہ انصاف لائرز فورم کے ٹکٹوں کی تقسیم کا عمل انتظار حسین پنجوتھہ کی نگرانی میں ہوا تھا، سلمان اکرم راجہ کی نگرانی میں نہیں۔

یوں مشعال یوسفزئی اور سلمان اکرم راجہ کے درمیان جاری اختلافی بیانات کے ساتھ ساتھ ٹکٹوں کی تقسیم اور مبینہ مفادات کے ٹکراؤ سے متعلق معاملات بھی پی ٹی آئی کے اندر بحث کا موضوع بن گئے ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button