بھارت میں قید چار پاکستانی رہائی کے بعد وطن واپس پہنچ گئے

لاہور(جانوڈاٹ پی کے)پاکستانی ہائی کمیشن نئی دہلی کی کوششوں سے بھارت میں قید چار پاکستانی رہائی کے بعد واپس پاکستان پہنچ گئے۔

بھارتی حکام کی طرف سے پاکستانی شہریوں کو واہگہ بارڈر پر پاکستان رینجرز کے حوالے کیا گیا، واپس آنے والوں میں محمد عرفان، عامر رضا، محمد حمزہ اور حسنین شامل ہیں۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ چاروں افراد گوجرانوالہ، سیالکوٹ اور رحیم یار خان کے رہائشی ہیں اور ذہنی طور پر معذور تھے جس کے باعث وہ 2025ء میں غلطی سے سرحد پار کر گئے تھے۔

نئی دہلی میں پاکستان ہائی کمیشن نے اس پیشرفت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ بھارت میں موجود تمام پاکستانی قیدیوں کی رہائی اور وطن واپسی کے لیے کوششیں جاری رکھے گا۔

واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان قیدیوں کی فہرستوں کے تبادلے کا عمل دوطرفہ معاہدے کے تحت جاری ہے۔ دونوں ممالک نے یکم جنوری 2026ء کو ایک دوسرے کے ساتھ قیدیوں کی تازہ فہرستوں کا تبادلہ کیا تھا جس کے مطابق پاکستان نے بھارت میں موجود 266 پاکستانی قیدیوں کی فہرست فراہم کی، جبکہ بھارت نے پاکستان میں قید 462 بھارتی قیدیوں کی تفصیلات شیئر کیں تھیں۔

مزید خبریں

Back to top button