چانڈکا میڈیکل کالج لاڑکانہ کے پرنسپل پروفیسر ضمیر احمد سومرو کا استعفیٰ منظور

شہدادکوٹ (رپورٹ: احسان جونیجو/نمائندہ جانو ڈاٹ پی کے) چانڈکا میڈیکل کالج لاڑکانہ کے پرنسپل پروفیسر ضمیر احمد سومرو ساڑھے تین سال کے بعد اچانک اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے ہیں. رجسٹرار شہید محترمہ بینظیر بھٹو میڈیکل یونیورسٹی کی جانب سے جاری کردہ تحریری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ پروفیسر ضمیر احمد سومرو کی جانب سے چانڈکا میڈیکل کالج لاڑکانہ کے اضافی چارج سے مستعفی ہونے پر انہیں عہدے سے فارغ کردیا گیا ہے جبکہ وہ کالج کے آرتھو پیڈک سرجری ڈپارٹمنٹ کے پروفیسر کے طور پر اپنے فرائض سرانجام دیتے رہیں گے. ادھر وائس چانسلر شہید محترمہ بینظیر بھٹو میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر نصرت شاہ نے چانڈکا میڈیکل کالج کے پرنسپل کا چارج پروفیسر اناٹومی ڈپارٹمنٹ ڈاکٹر شاہد حسین سومرو کے حوالے کرنے کے احکامات جاری کردئے ہیں. بتایا جا رہا ہے کہ مستعفی ہونے والے پرنسپل نے گذشتہ روز وائس چانسلر سے ملاقات کی تھی جہاں پر انہوں نے اچانک اپنا استعفیٰ پیش کردیا تھا جس استعیفے کو آج منظور کرلیا گیا.

مزید خبریں

Back to top button