دعوت بروقت قبول نہ کرنے پر شہزادہ ہیری کو بکنگھم پیلس میں قیام کی اجازت نہ مل سکی

لندن (جانوڈاٹ پی کے)برطانوی شاہی خاندان کے رکن شہزادہ ہیری کا رواں ہفتے کا دورۂ برطانیہ ایک بار پھر تنازع کی نذر ہوگیا، کیونکہ شاہی ذرائع کے مطابق انہیں مقررہ وقت پر دعوت قبول نہ کرنے کے باعث بکنگھم پیلس میں قیام کی اجازت نہیں دی گئی۔

برطانیہ کے دورے کے دوران پرنس ہیری بکنگھم پیلس میں قیام نہیں کریں گے، پرنس ہیری کی ٹیم نے پہلے دعویٰ کیا تھا کہ انہوں نے محل میں قیام کی پیشکش قبول کرلی ہے، لیکن بکنگھم پیلس نے اس دعوے کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا کہ آخری لمحات میں اس پیشکش کو واپس لے لیا گیا ہے۔

رائٹرز کے مطابق شاہی ذرائع کا کہنا ہے کہ شہزادہ ہیری کو شاہی رہائش گاہ میں قیام کی پیشکش کی گئی تھی، تاہم عملے کو انتظامات کے لیے وقت دینے کی غرض سے ایک آخری تاریخ مقرر کی گئی تھی۔

ہیری نے اس مدت کے اندر دعوت قبول نہیں کی، بعد ازاں پہلے اسے مسترد کیا اور پھر اپنا فیصلہ تبدیل کرتے ہوئے قیام کی خواہش ظاہر کی، مگر اس وقت تک پیشکش واپس لی جا چکی تھی۔

دوسری جانب شہزادہ ہیری کے ترجمان نے مؤقف اختیار کیا کہ وہ فوری طور پر دعوت قبول نہیں کر سکے کیونکہ برطانوی حکومت کی جانب سے سیکیورٹی فراہم نہ کیے جانے کے بعد وہ متبادل حفاظتی انتظامات کر رہے تھے۔ ترجمان کے مطابق بکنگھم پیلس نے آخری لمحے میں رہائش کی پیشکش واپس لے لی، جس کی وجہ منگل کو آنے والا عدالتی فیصلہ بھی بتایا گیا۔

واضح رہے کہ پروگرام کے مطابق شہزادہ ہیری منگل کو لندن پہنچیں گے، جہاں وہ چند فلاحی تقریبات میں شرکت کریں گے، جبکہ انہیں ایک اخبار کے ناشر کے خلاف دائر مقدمے میں عدالت کے فیصلے کا بھی انتظار ہے۔

دوسری جانب شہزادہ ہیری کے دونوں بچوں، آرچی اور للی بیٹ، کی اس مرتبہ لندن آمد منسوخ کردی گئی ہے۔ ترجمان کے مطابق سیکیورٹی انتظامات پر اتفاق نہ ہونے کے باعث بچے لندن نہیں آئیں گے، تاہم امکان ظاہر کیا گیا ہے کہ وہ دورے کے دوسرے حصے میں برطانیہ پہنچ سکتے ہیں۔

یاد رہے کہ شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن 2020 میں شاہی ذمہ داریوں سے دستبردار ہونے کے بعد امریکہ منتقل ہوگئے تھے۔ اس کے بعد سے ہیری کے شاہی خاندان، خصوصاً والد بادشاہ چارلس، کے ساتھ تعلقات کشیدہ رہے ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button