10 ماہ میں بجلی تقسیم کار کمپنیوں کے مجموعی نقصانات 226 ارب روپے پر پہنچ گئے


اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)رواں مالی سال کے پہلے 10 ماہ میں بجلی تقسیم کار کمپنیوں کے مجموعی نقصانات 226 ارب روپے تک پہنچنے کا انکشاف ہوا ہے۔
ذرائع کے مطابق جولائی 2025 سے اپریل 2026 تک کے دوران سرکاری ڈسٹری بیوشن کمپنیوں (ڈسکوز) کو بھاری مالی خسارے کا سامنا رہا، تاہم گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں نقصانات میں 66 ارب روپے کی کمی بھی ریکارڈ کی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق مجموعی نقصانات میں سے 169 ارب روپے ڈسکوز کی نااہلی اور بجلی چوری کی مد میں جبکہ 57 ارب روپے ریکوری میں ناکامی کے باعث ہوئے۔
توانائی ماہرین کے مطابق بجلی چوری، لائن لاسز اور کمزور ریکوری نظام اس بڑے مالی خسارے کی بنیادی وجوہات ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ نقصانات میں کمی کے باوجود اصلاحات اور سخت مانیٹرنگ کے بغیر صورتحال کو مکمل طور پر بہتر بنانا مشکل ہوگا۔