بدین:تحریک تحفظ آئین پاکستان کا مہنگائی،معاشی بحران اور سیاسی قیدیوں کی رہائی کیلئے احتجاجی مظاہرہ

بدین(رپورٹ مرتضیٰ میمن/جانو/ڈاٹ/پی کے)تحریک تحفظ آئین پاکستان کی مرکزی اپیل پر ملک بھر کی طرح ضلع بدین میں بھی بڑھتی ہوئی مہنگائی، سنگین معاشی بحران، عوام دشمن پالیسیوں اور سیاسی قیدیوں کی رہائی کے لیے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ احتجاج میں مختلف سیاسی، سماجی اور قوم پرست جماعتوں کے کارکنوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز، پلے کارڈز اور پارٹی جھنڈے اٹھا رکھے تھے اور شدید نعرے بازی کی

احتجاجی مظاہرے کی قیادت ایس یو پی کے ضلعی صدر دانش نور سومرو، پی ٹی آئی کے ضلعی صدر عزیز دیرو، ابو نوحانی، لالا نواز، حیدر شاہ اور دیگر رہنماؤں نے کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے رہنماؤں نے کہا کہ ملک میں مصنوعی طور پر مہنگائی بڑھا کر غریب اور محنت کش طبقے کی زندگی کو عذاب بنا دیا گیا ہے۔ روزمرہ استعمال کی اشیاء، آٹے، چینی، گھی، ادویات، بجلی، گیس اور پیٹرول کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باعث عوام شدید پریشانی اور ذہنی اذیت کا شکار ہیں، جبکہ حکمران صرف اپنی کرسی بچانے میں مصروف ہیں رہنماؤں نے کہا کہ موجودہ حکومت عوام کو کسی بھی قسم کا ریلیف فراہم کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔ بے روزگاری، بدامنی اور معاشی تباہی کے باعث نوجوان مایوسی کا شکار ہو رہے ہیں، جبکہ حکومتی ادارے عوامی آواز دبانے کے لیے سیاسی کارکنوں کے خلاف کارروائیاں کر رہے ہیں خطاب کرنے والے رہنماؤں نے مزید کہا کہ ملک میں سیاسی انتقام کی بنیاد پر قومی اور سیاسی رہنماؤں کو جیلوں میں بند کیا گیا ہے، جو آئین، جمہوریت اور انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ عمران خان، ماہرنگ بلوچ اور علی وزیر سمیت تمام سیاسی قیدیوں، قوم پرست کارکنوں اور بے گناہ افراد کو فوری طور پر رہا کیا جائے اور ان کے خلاف درج جھوٹے مقدمات ختم کیے جائیں۔

مزید خبریں

Back to top button