لاہور پولیس کا بڑا اقدام، غروب آفتاب کے بعد خواتین کو تھانے میں رکھنے پر پابندی

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) تھانے میں خاتون سے مبینہ زیادتی اور خواتین کی ہلاکت کے حالیہ واقعے کے بعد لاہور پولیس نے خواتین کے تحفظ کے لیے نئی اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجرز (ایس او پیز) نافذ کر دیے ہیں۔

ڈی آئی جی آپریشنز لاہور کی جانب سے تمام ایس پیز اور ایس ایچ اوز کو نئے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔

نئے حکم نامے کے مطابق غروب آفتاب کے بعد کسی بھی خاتون کو تھانے میں نہیں رکھا جائے گا، جبکہ تمام خواتین کو سورج غروب ہونے سے پہلے تھانے سے روانہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ایس او پیز کے تحت مدعیہ یا الزام علیہ خاتون کو بھی غروب آفتاب کے بعد تھانے طلب نہیں کیا جائے گا۔ حکام کے مطابق خواتین سے متعلق تمام قانونی کارروائیاں دن کی روشنی میں مکمل کی جائیں گی۔

حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ اگر کسی ہنگامی صورتحال میں خاتون کو تھانے میں رکھنا ناگزیر ہو تو متعلقہ اعلیٰ افسر کی پیشگی اجازت لینا ضروری ہوگی۔

پولیس حکام نے ہدایت کی ہے کہ شکایت کنندہ خواتین کی درخواست فوری طور پر سنی جائے اور ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں تاکہ انہیں بروقت انصاف اور تحفظ فراہم کیا جا سکے۔

ڈی آئی جی آپریشنز لاہور کا کہنا ہے کہ نئی ایس او پیز کا مقصد خواتین کے وقار، تحفظ اور بنیادی حقوق کا تحفظ یقینی بنانا ہے، جبکہ حالیہ واقعات کے بعد پولیس اسٹیشنز میں خواتین سے متعلق معاملات کے لیے مزید سخت ضابطہ کار نافذ کیا گیا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button