یومِ شہدائے پولیس: صدر آصف علی زرداری کا شہداء کو خراجِ عقیدت، پولیس کی قربانیوں کو قوم کا سرمایہ قرار دے دیا

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) صدر مملکت آصف علی زرداری نے یومِ شہدائے پولیس کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں وطن کے امن و سلامتی کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پولیس افسران اور اہلکاروں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی جرأت، فرض شناسی اور عظیم قربانیاں پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان پولیس جرائم، دہشت گردی اور پرتشدد انتہا پسندی کے خلاف صفِ اول میں اپنی ذمہ داریاں نبھا رہی ہے اور مؤثر حکمت عملی، پیشہ ورانہ مہارت اور بروقت کارروائیوں کے ذریعے جرائم پیشہ عناصر اور دہشت گرد نیٹ ورکس کو ناکام بنانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پولیس اہلکار معصوم شہریوں کے تحفظ، قانون کی بالادستی اور ملک میں امن و امان کے قیام کے لیے بے مثال قربانیاں دے رہے ہیں، جبکہ خصوصاً خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں خدمات انجام دینے والے پولیس افسران اور جوانوں کی بہادری اور قربانیاں قابلِ تحسین ہیں۔

صدر آصف علی زرداری نے شہداء کے اہلِ خانہ کے صبر، حوصلے اور استقامت کو بھی سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان خاندانوں کی فلاح و بہبود اور سماجی و معاشی معاونت پوری قوم کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پولیس اداروں کو مزید مضبوط، جدید اور مؤثر بنایا جائے گا، بہتر تربیت، جدید ٹیکنالوجی اور ضروری وسائل کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ پولیس اہلکار مزید اعتماد اور پیشہ ورانہ صلاحیت کے ساتھ اپنے فرائض انجام دے سکیں۔

مزید خبریں

Back to top button