سی سی ڈی قیام کے خلاف کیس: مبینہ پولیس مقابلوں اور تشدد سے متعلق ایف آئی اے کی جامع رپورٹ عدالت میں پیش


لاہور(جانوڈاٹ پی کے)لاہور ہائیکورٹ میں سی سی ڈی (CCD) کے قیام کے خلاف دائر درخواست کی سماعت کے دوران وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے مبینہ پولیس مقابلوں اور زیر حراست ملزمان پر تشدد سے متعلق تفصیلی رپورٹ عدالت میں جمع کرا دی۔
رپورٹ 2022 سے 30 اپریل 2026 تک کے عرصے پر مشتمل ہے، جس کے مطابق ملک بھر میں مبینہ پولیس مقابلوں اور حراستی تشدد کے 364 انکوائری کیسز رپورٹ ہوئے۔ ان واقعات میں پولیس اہلکاروں کے خلاف 52 مقدمات درج کیے گئے۔
صوبائی اعداد و شمار کے مطابق پنجاب میں 266 انکوائریوں میں سے 19 مقدمات درج ہوئے، اسلام آباد میں 15 انکوائریوں میں 6 مقدمات، خیبرپختونخوا میں 48 انکوائریوں میں 6 مقدمات جبکہ بلوچستان میں 2 انکوائریوں پر دونوں میں مقدمات درج کیے گئے۔ سندھ میں 33 انکوائریوں کے نتیجے میں 19 مقدمات درج ہوئے۔
ایف آئی اے نے اپنی رپورٹ میں عدالت سے استدعا کی کہ سی سی ڈی کے قیام کے خلاف دائر درخواست کو خارج کیا جائے۔
کیس کی سماعت جسٹس شہرام سرور چوہدری نے کی، جبکہ عدالت نے مزید کارروائی کے لیے سماعت جون کے تیسرے ہفتے تک ملتوی کر دی۔