وزیراعظم آزاد کشمیر کے قافلے میں شامل پولیس گاڑی کھائی میں جا گری، اہلکار جاں بحق، متعدد زخمی


مظفر آباد(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور کے قافلے میں شامل پولیس اسکواڈ کی ایک گاڑی حادثے کا شکار ہو کر گہری کھائی میں جا گری، جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار جاں بحق جبکہ متعدد افراد زخمی ہو گئے۔
ذرائع کے مطابق حادثہ چھانجل کراس کے قریب اس وقت پیش آیا جب وزیراعظم کا قافلہ خورشید آباد سے فارورڈ کہوٹہ کی جانب جا رہا تھا۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس گاڑی تیز موڑ کاٹتے ہوئے بے قابو ہو کر کھائی میں گر گئی۔
حادثے میں شدید زخمی ہونے والے پولیس کانسٹیبل انصار اقبال زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔
ذرائع کے مطابق حادثے میں 5 سے 6 پولیس اہلکار اور چند راہ گیر بھی زخمی ہوئے، جبکہ زخمیوں میں ایس ایچ او برکت راٹھور بھی شامل ہیں۔
تمام زخمیوں کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے، جبکہ واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے مزید تحقیقات جاری ہیں۔