عالمی منڈی میں خام تیل سستا، پاکستان میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کا امکان

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے بعد پاکستان میں بھی پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

رپورٹس کے مطابق عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت میں 7 فیصد سے زائد کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے بعد امریکی خام تیل 80 سے 84 ڈالر فی بیرل جبکہ برطانوی برینٹ خام تیل 82 ڈالر فی بیرل کی سطح پر ٹریڈ ہو رہا ہے۔

ماہرین کے مطابق عالمی قیمتوں میں کمی کے بعد پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ریلیف کی توقع بڑھ گئی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے بھی اس حوالے سے یقین دہانی کرائی تھی کہ عالمی حالات بہتر ہونے اور قیمتوں میں استحکام کے بعد عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے گا۔

قومی اسمبلی میں خطاب کے دوران وزیراعظم نے کہا کہ حالیہ عالمی کشیدگی نے پاکستانی معیشت پر دباؤ ڈالا، تاہم حکومت نے کوشش کی کہ عوام کو مہنگائی کے مکمل اثرات سے بچایا جائے اور اب بہتری کے اثرات عوام تک منتقل کیے جائیں گے۔

معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر عالمی منڈی میں کمی کا رجحان برقرار رہا تو آئندہ قیمتوں کے تعین میں عوام کو واضح ریلیف مل سکتا ہے، تاہم حتمی فیصلہ حکومتی سطح پر کیا جائے گا۔

مزید خبریں

Back to top button