حکومت نے پٹرولیم لیوی برقرار رکھی، پٹرول، ڈیزل اور مٹی کا تیل مزید مہنگا

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) پٹرولیم ڈویژن نے پٹرول، ڈیزل اور مٹی کے تیل پر عائد پٹرولیم لیوی برقرار رکھنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا، جبکہ حکومت نے تین روز کے لیے پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا بھی اعلان کر دیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پٹرول پر 80 روپے فی لیٹر، ہائی اسپیڈ ڈیزل پر 70 روپے 82 پیسے فی لیٹر اور مٹی کے تیل پر 20 روپے 36 پیسے فی لیٹر پٹرولیم لیوی بدستور برقرار رہے گی۔
حکومت کی جانب سے جاری کردہ نئی قیمتوں کے مطابق پٹرول کی قیمت میں 5 روپے 44 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا، جس کے بعد نئی قیمت 316 روپے 15 پیسے فی لیٹر ہو گئی۔
ہائی اسپیڈ ڈیزل 31 روپے 5 پیسے فی لیٹر مہنگا ہونے کے بعد 354 روپے 35 پیسے فی لیٹر پر پہنچ گیا۔
مٹی کا تیل 34 روپے 33 پیسے فی لیٹر اضافے کے بعد 276 روپے 66 پیسے فی لیٹر مقرر کیا گیا، جو اس سے پہلے 242 روپے 33 پیسے فی لیٹر تھا۔
حکومت نے واضح کیا ہے کہ اب پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین روزانہ کی بنیاد پر کیا جائے گا، جس کے تحت عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں اور دیگر عوامل کو مدنظر رکھتے ہوئے نرخوں میں ردوبدل کیا جا سکے گا۔
حالیہ اضافے کے بعد پٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی قیمتوں سے ٹرانسپورٹ، اشیائے خور و نوش، صنعتی پیداواری لاگت اور مجموعی مہنگائی پر مزید دباؤ بڑھنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔



