پنجاب کے بیشتر دریاؤں میں بہاؤ معمول کے مطابق: کالاباغ اور نالہ پلکھو میں نچلے درجے کا سیلاب

لاہور (جانوڈاٹ پی کے)پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے صوبے میں دریاؤں اور ندی نالوں کی صورتحال جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ بیشتر دریاؤں میں پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے، تاہم دریائے سندھ میں کالاباغ کے مقام پر اور وزیرآباد کے نالہ پلکھو میں نچلے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے۔

پی ڈی ایم اے کے ترجمان کے مطابق دریائے چناب، جہلم، راوی اور ستلج میں پانی کی سطح نارمل ہے جبکہ ڈیرہ غازی خان کی رودکوہیوں میں بھی صورتحال قابو میں ہے۔ ترجمان نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ دریائے سندھ میں کالاباغ کے مقام پر پانی کی آمد 2 لاکھ 73 ہزار کیوسک اور اخراج 2 لاکھ 66 ہزار کیوسک ہے، جبکہ وزیرآباد کے نالہ پلکھو میں پانی کا بہاؤ 3 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔

پی ڈی ایم اے نے انتباہ جاری کیا ہے کہ مون سون بارشوں کا چوتھا سلسلہ 5 اگست تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کا کہنا تھا کہ بالائی کیچمنٹ ایریاز میں متوقع بارشوں کے باعث مشرقی دریاؤں اور ان سے منسلک ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ موجود ہے۔

انہوں نے مزید خبردار کیا کہ بارشوں کے اس سلسلے کے دوران لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، فیصل آباد اور ملتان جیسے بڑے شہروں میں اربن فلڈنگ (شہری سیلاب) کا خطرہ ہے، جبکہ مری، گلیات اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا امکان ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے دریاؤں کی گزرگاہوں اور نشیبی علاقوں میں مقیم شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ حفاظتی تدابیر پر سختی سے عمل کریں۔

مزید خبریں

Back to top button