1967 کی سرحدوں پر آزاد فلسطینی ریاست ہی پائیدار امن کی ضمانت ہے، پاکستان

جنیوا (جانوڈاٹ پی کے\ویب ڈیسک) پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں فلسطین کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسرائیل سے مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں غیر قانونی آبادکاری فوری بند کرنے اور بین الاقوامی قوانین کی مکمل پاسداری کا مطالبہ کیا ہے۔
اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ فلسطینی علاقوں کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہے، جبکہ اسرائیلی آبادکاروں کا تشدد اور غیر قانونی آبادکاریاں ناقابلِ قبول ہیں۔
انہوں نے کہا کہ غزہ میں جنگ بندی کے باوجود فلسطینی شہریوں کی ہلاکتیں جاری ہیں، لہٰذا سلامتی کونسل اسرائیل کو بین الاقوامی قانون کا پابند بنانے کے لیے مؤثر اور عملی اقدامات کرے۔
پاکستانی مندوب نے مطالبہ کیا کہ اسرائیل فلسطینی اتھارٹی کی روکی گئی مالی رقوم فوری بحال کرے، فلسطینی علاقوں کے الحاق، مکانات کی مسماری اور جبری بے دخلی کا سلسلہ بند کیا جائے، جبکہ فلسطینی عوام کو آبادکاروں کے تشدد سے مؤثر تحفظ فراہم کیا جائے۔
عاصم افتخار نے زور دیا کہ 1967 کی سرحدوں کی بنیاد پر ایک آزاد فلسطینی ریاست، جس کا دارالحکومت القدس ہو، ہی مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن کی ضمانت ہے، جبکہ دو ریاستی حل خطے میں دیرپا امن کے لیے واحد قابلِ عمل راستہ ہے۔



