دراندازی پر سخت ردعمل، پاکستان کے افغانستان میں 10 فوجی اہداف پر حملے، ڈرون لانچنگ مقامات کو نشانہ بنایا، عطا تارڑ

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان نے افغان سرزمین پر ڈرونز کی لانچنگ اور ذخیرہ کرنے والے 10 مقامات کو نشانہ بنایا ہے۔

اپنے بیان میں عطا اللہ تارڑ نے افغان سرزمین سے پاکستان میں ڈرون حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ 23 ستمبر کو افغانستان سے ڈرونز کی دراندازی پاکستان کی خودمختاری کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ ان کے مطابق پاکستان کے ایئر ڈیفنس سسٹم نے تمام درانداز ڈرونز کو اپنے اہداف تک پہنچنے سے پہلے ناکارہ بنا دیا۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ افغانستان میں پاکستان کی کارروائیاں درست، محدود اور براہِ راست فوجی اہداف تک محدود تھیں۔ افغان سرزمین سے پاکستان پر حملے کسی صورت برداشت نہیں کیے جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنی سرزمین، عوام اور قومی سلامتی کے دفاع کا مکمل حق رکھتا ہے، جبکہ افغان طالبان حکومت کو فوری طور پر پاکستان کے خلاف تمام دشمنانہ سرگرمیاں روکنی چاہئیں۔ افغان سرزمین کو دہشت گردی یا پاکستان کے خلاف حملوں کے لیے استعمال نہیں ہونا چاہیے۔

عطا اللہ تارڑ نے مزید کہا کہ پاکستان خطے میں امن، مذاکرات اور تعمیری روابط کے لیے پرعزم ہے، تاہم امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے، مزید اشتعال انگیزی کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

مزید خبریں

Back to top button