پاکستان اور عمان کا علاقائی امن کیلئے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار اور عمان کے وزیر خارجہ سید بدر بن حمد بن حمود البوسعیدی نے خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے اور سفارتکاری کو مؤثر بنانے پر اتفاق کیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ کے درمیان ملاقات پاکستان اور عمان کے آٹھویں مشترکہ وزارتی اجلاس سے قبل ہوئی، جس میں دوطرفہ تعلقات، باہمی تعاون اور خطے کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور عمان کے درمیان قریبی برادرانہ تعلقات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اعلیٰ سطح کے رابطوں کا سلسلہ جاری رہنا چاہیے۔

دونوں وزرائے خارجہ نے علاقائی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے پائیدار امن اور استحکام کے قیام کے لیے مذاکرات اور سفارتکاری کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ خطے میں کشیدگی کم کرنے اور دیرپا امن کے حصول کے لیے مشترکہ کوششیں ناگزیر ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق عمانی وزیر خارجہ نے علاقائی امن و سلامتی کے فروغ کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا، جبکہ اسحاق ڈار نے خطے میں امن و استحکام کے لیے عمان کے تعمیری کردار اور مشترکہ اقدامات کی اہمیت کو تسلیم کیا۔

ملاقات میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ پاکستان اور عمان باہمی تعلقات کو مزید وسعت دینے اور علاقائی امن کے لیے تعاون جاری رکھیں گے۔

مزید خبریں

Back to top button