محسن نقوی کی ایرانی جنرل احمد وحیدی سے ملاقات، مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال پر گفتگو

تہران (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایران کے سربراہ پاسداران انقلاب جنرل احمد وحیدی سے ملاقات کی، جس میں مشرقِ وسطیٰ کی موجودہ صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان وزارت داخلہ کے مطابق محسن نقوی سرکاری دورے پر تہران میں موجود ہیں، جہاں وہ ایرانی قیادت اور سکیورٹی حکام سے اہم ملاقاتیں کر رہے ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ جنرل احمد وحیدی سے ملاقات کے دوران خطے کی موجودہ صورتحال، سکیورٹی امور اور باہمی دلچسپی کے معاملات پر گفتگو ہوئی۔
اس سے قبل وفاقی وزیر داخلہ نے اپنے ایرانی ہم منصب سکندر مومنی سے بھی تفصیلی ملاقات کی تھی، جس میں پاکستان اور ایران کے دوطرفہ تعلقات، مختلف شعبوں میں تعاون اور خطے کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔
محسن نقوی کے دورۂ ایران کے دوران اعلیٰ سطحی ملاقاتوں کو دونوں ممالک کے درمیان رابطوں اور علاقائی صورتحال پر مشاورت کے تناظر میں اہم قرار دیا جا رہا ہے۔



