پاکستان اور چین کے درمیان اقتصادی تعاون میں بڑی پیش رفت، 5 اہم معاہدوں پر دستخط

گوانگ ژو(جانوڈاٹ پی کے) پاکستان اور چین کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور کاروباری تعاون کے فروغ میں اہم پیش رفت سامنے آگئی، پانچویں پاکستان انویسٹمنٹ اینڈ بزنس انوائرمنٹ ایکسچینج فورم 2026 میں مختلف شعبوں میں 5 مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔
چین کے شہر گوانگ ژو میں منعقدہ فورم میں پاکستان اور چین کے درمیان دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کے نئے مواقع پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ فورم میں 160 سے زائد سرکاری حکام، کاروباری شخصیات اور تجارتی نمائندوں نے شرکت کی۔
فورم کے دوران پالیسی مذاکرات، سرمایہ کاری منصوبوں کی پیشکش، صنعتی معاہدوں، بی ٹو بی ملاقاتوں اور مختلف مصنوعات کی نمائش کا اہتمام کیا گیا، جبکہ توانائی، ای کامرس، تعمیراتی سامان، فرنیچر اور فوڈ پروسیسنگ سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع بھی اجاگر کیے گئے۔
سب سے اہم پیش رفت الیکٹرک گاڑیوں، بیٹری مینوفیکچرنگ، تعمیراتی سامان و فرنیچر، پائن نٹس کی خریداری اور میڈیکل و بزنس ٹورازم کے شعبوں میں 5 مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط تھے۔
فورم میں پاکستان اور چین کے سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے کے موقع پر اقتصادی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا، جبکہ سی پیک کے تحت صنعتی اور انفرااسٹرکچر تعاون کو مزید وسعت دینے کے امکانات پر بھی زور دیا گیا۔
حکام اور کاروباری نمائندوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ فورم کے نتیجے میں دونوں ممالک کے نجی شعبوں کے درمیان نئی شراکت داریاں قائم ہوں گی اور تجارت و سرمایہ کاری کے لیے مزید مواقع پیدا ہوں گے۔



