بجلی کمپنیوں کی اوور بلنگ کاانکشاف،صارفین پرہزاروں یونٹس کابوجھ ڈال دیا

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)قومی اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی میں انکشاف کیا گیا ہے کہ بجلی کمپنیوں نے صارفین سے اوور بلنگ کے تحت ہزاروں یونٹس کا اضافی بوجھ ڈال دیا ہے جبکہ شکایت موصول نہ ہونے پر صارفین کو ان کی رقم بھی واپس نہیں کی جاتی۔پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا اجلاس چیئرمین کمیٹی شاہدہ اختر کی زیر صدارت ہوا جہاں آڈٹ حکام نے بریفنگ میں بتایا کہ جو صارفین اووبلنگ ریفنڈ کلیم کے لیے اپلائی نہیں کرتے ان کو پیسے واپس نہیں ملتے، جن کی اور بلنگ کی شکایت نہیں آتی ان کو کچھ نہیں ملتا۔کمیٹی کے رکن سینیٹر افنان اللہ نے کہا کہ لوگوں نے اپنے زیور بیچ کر بل ادا کیے ہیں، یہ کون سا طریقہ ہے،90 کروڑ 46 لاکھ یونٹس پر 2 لاکھ 78 ہزار صارفین کو ریفنڈ دیے گئے، ایک صارف 3200 یونٹ کیسے استعمال کر سکتا ہے، جن کو ریفنڈ دیا گیا کیا ان میں انڈسٹریل صارفین بھی شامل تھے۔



