آپریشن شعبان: سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں 105 خارجی دہشتگرد ہلاک

کوئٹہ(جانوڈاٹ پی کے) آپریشن شعبان کے تحت پاک فوج، ایف سی اور پولیس کی کارروائیوں میں تیزی آ گئی، سکیورٹی ذرائع کے مطابق 5 جولائی سے اب تک مختلف آپریشنز میں 105 خارجی دہشتگرد مارے جا چکے ہیں۔

ذرائع کے مطابق آپریشن شعبان کے دوران مزید کارروائیوں میں 21 خارجیوں کو ہلاک کیا گیا، جس کے بعد آپریشن میں ہلاک ہونے والے دہشتگردوں کی تعداد 67 ہوگئی ہے۔

سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ فتنہ الخوارج کے خلاف فضائی اور زمینی کارروائیاں مسلسل جاری ہیں، تازہ آپریشنز میں مزید 3 خارجی دہشتگردوں کو بھی ہلاک کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق بلوچستان میں این 25 کراسنگ کے قریب کارروائی کے دوران فتنہ الہندوستان کے 2 دہشتگرد بھی مارے گئے، جبکہ ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ، دستی بم، موٹرسائیکل، موبائل فونز اور دیگر سامان برآمد کیا گیا۔

وزیراعظم نے آپریشن شعبان کی کامیابی پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگردی کو ملک سے جڑ سے ختم کر کے دم لیں گے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے امن و امان کو نقصان پہنچانے کی ہر سازش ناکام بنائی جائے گی، پوری قوم اپنی بہادر افواج اور پولیس کے ساتھ کھڑی ہے۔

یاد رہے کہ 5 جولائی کو فتنہ الخوارج نے ہنہ اوڑک میں نہتے شہریوں کو نشانہ بنایا تھا، جس کے نتیجے میں 4 شہری شہید جبکہ ایک زخمی ہوا تھا۔ واقعے کے بعد وزیراعظم کی زیر صدارت کوئٹہ میں اپیکس کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور دیگر اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔

اپیکس کمیٹی اجلاس میں فتنہ الخوارج کے خلاف گرینڈ آپریشن کا فیصلہ کیا گیا، جس کے بعد بلوچستان کے علاقے شعبان میں دہشتگردوں کے ٹھکانوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔

سکیورٹی فورسز نے علاقے کا محاصرہ کر رکھا ہے جبکہ آپریشن میں مسلسل پیش قدمی جاری ہے۔ ذرائع کے مطابق آپریشن شعبان کے دوران فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے متعدد دہشتگرد ہلاک کیے جا چکے ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button