بلوچستان میں آپریشن ردالفتنہ 3، واشک میں 5 دہشت گرد ہلاک، 4 زخمی، اسلحہ برآمد

کوئٹہ(جانوڈاٹ پی کے) سکیورٹی فورسز کی جانب سے بلوچستان میں آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت فتنہ الہندوستان کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، ضلع واشک کے علاقے پلانتک میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 5 دہشت گرد ہلاک جبکہ 4 زخمی ہوگئے۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو جدید ہتھیاروں سے نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں 5 دہشت گرد مارے گئے جبکہ 4 زخمی ہوئے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے جدید اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے۔ برآمد ہونے والے سامان میں ایک آر پی جی سیون، 5 گولے، میگزینز، 5 جدید ہتھیار، 3 موبائل فونز اور 2 موٹر سائیکلیں شامل ہیں۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق ہلاک دہشت گرد بلوچ عوام کو لوٹنے، علاقے میں خوف و ہراس پھیلانے اور بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچانے کی سرگرمیوں میں ملوث تھے۔

سکیورٹی فورسز نے بلوچستان سے دہشت گردی کے خاتمے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے میں امن و امان کے قیام اور عوام کے تحفظ کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی۔

مزید خبریں

Back to top button