یو اے ای کا غزہ کیلئے 100 ٹن امدادی سامان روانہ، آپریشن "الفارس الشہم 3” کے تحت نئی امدادی پرواز پہنچ گئی

ابوظہبی(مانیٹرنگ ڈیسک) متحدہ عرب امارات نے غزہ میں انسانی بحران سے متاثرہ فلسطینیوں کی امداد کے لیے آپریشن "الفارس الشہم 3” کے تحت 100 ٹن امدادی سامان پر مشتمل ایک اور طیارہ روانہ کر دیا، جو غزہ پہنچ گیا۔

مقامی میڈیا کے مطابق یہ امدادی پرواز راس الخیمہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے ہلالِ احمر امارات، اماراتی فلسطینی فرینڈشپ کلب اور دار البر سوسائٹی کے تعاون سے روانہ کی گئی، جس کا مقصد غزہ میں متاثرہ فلسطینی عوام کو فوری امداد فراہم کرنا ہے۔

رپورٹ کے مطابق امدادی سامان میں بچوں کا دودھ، ادویات، ملبوسات اور دیگر ضروری اشیائے امداد شامل ہیں تاکہ متاثرہ خاندانوں کی فوری ضروریات پوری کی جا سکیں اور انسانی بحران کے اثرات کم کیے جا سکیں۔

آپریشن "الفارس الشہم 3” کے ریلیف آپریشنز کے کوآرڈینیٹر حمود العفاری نے کہا کہ متحدہ عرب امارات اپنی قیادت کی ہدایات کے مطابق شراکت دار اداروں کے تعاون سے فلسطینی عوام کی مدد کے لیے اپنی لاجسٹک اور امدادی صلاحیتوں کو بھرپور انداز میں بروئے کار لا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد غزہ تک انسانی اور طبی امداد کی مسلسل فراہمی کو یقینی بنانا، شہریوں کی بنیادی ضروریات پوری کرنا، ان کی مشکلات کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت بڑھانا اور انسانی بحران کے اثرات میں کمی لانا ہے۔

یہ امدادی پرواز آپریشن "الفارس الشہم 3” کے تحت غزہ کے فلسطینیوں تک امدادی سامان پہنچانے کی متحدہ عرب امارات کی مسلسل انسانی کاوشوں کا حصہ ہے، جو بحران زدہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کے لیے ملک کے دیرینہ عزم کی عکاسی کرتی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button