خواتین کی ترقی مسلم دنیا کی خوشحالی کی ضمانت ہے، اعظم نذیر تارڑ

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے) وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ خواتین کی ترقی مسلم دنیا کی ترقی اور خوشحالی کی ضمانت ہے، خواتین کو معاشی اور سیاسی طور پر بااختیار بنانا پائیدار ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔
اسلام آباد میں 9ویں اسلامی تنظیم کی وزارتی کانفرنس برائے خواتین کا انعقاد ہوا، جس میں وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ سمیت اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ پاکستان او آئی سی چیئرمین شپ کی ذمہ داری اتفاق رائے، تعاون اور مشترکہ اقدامات کے جذبے سے نبھائے گا۔ خواتین پارلیمنٹ، عدلیہ، سول سروس، کاروبار اور تعلیم سمیت مختلف شعبوں میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ لاکھوں خواتین اور بچیاں آج بھی ترقی کی راہ میں مختلف رکاوٹوں کا سامنا کر رہی ہیں، اس لیے انہیں تعلیم، روزگار اور قیادت کے یکساں مواقع فراہم کرنا ضروری ہے۔
وفاقی وزیر قانون کا کہنا تھا کہ اسلام نے 1400 سال قبل خواتین کو عزت، حقوق اور قانونی شناخت عطا کی، مسلم خواتین نے تاریخ میں علم، قیادت، کاروبار اور عوامی خدمت کے میدان میں نمایاں کردار ادا کیا۔
اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ او آئی سی ایکشن پلان اور ویمن ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن خواتین کی ترقی کے لیے اہم پلیٹ فارم ہیں، جبکہ کانفرنس کی کامیابی کا اصل معیار خواتین کے لیے پیدا ہونے والے عملی مواقع ہوں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں خواتین کی مالی شمولیت، کاروباری مواقع اور قیادت کے فروغ کے لیے اقدامات جاری ہیں، قومی صنفی پالیسی 2025 اور وزیراعظم ویمن ایمپاورمنٹ پیکیج پر عملدرآمد کیا جا رہا ہے۔



