وزیراعظم سے گورنر سندھ نہال ہاشمی کی ملاقات، سندھ کے ترقیاتی منصوبوں اور عوامی مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے) گورنر سندھ نہال ہاشمی نے وزیراعظم شہبازشریف سے اسلام آباد میں ملاقات کی، جس میں صوبہ سندھ کی مجموعی صورتحال، ترقیاتی منصوبوں اور عوامی فلاح سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران گورنر سندھ نے وزیراعظم کو صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں، انتظامی امور اور درپیش چیلنجز سے آگاہ کیا۔ انہوں نے وفاق اور صوبے کے درمیان بہتر ہم آہنگی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مشترکہ کاوشوں سے عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جا سکتا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت ملک کے تمام صوبوں کی یکساں ترقی پر یقین رکھتی ہے اور سندھ سمیت ہر علاقے میں عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کو ترجیح دی جا رہی ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ سندھ کے مسائل کے حل اور جاری منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔
ملاقات میں باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بھی گفتگو ہوئی جبکہ دونوں رہنماؤں نے ملک کی ترقی، استحکام اور عوامی خدمت کے لیے قریبی رابطے برقرار رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔



