بھارت کے ڈیڑھ ارب عوام اسرائیل کے ساتھ کھڑے ہیں،نیتن یاہو

تل ابیب(جانوڈاٹ پی کے)اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے کہا ہے کہ بھارت میں اسرائیل کو بھرپور حمایت حاصل ہے اور تقریباً ڈیڑھ ارب آبادی والے ملک کے عوام اسرائیل کے ساتھ کھڑے ہیں۔
امریکی نشریاتی ادارے فوکس نیوز کو دیے گئے انٹرویو میں نیتن یاہو نے امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کے اس بیان پر ردعمل دیا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ہی اس وقت اسرائیل کے واحد طاقتور اتحادی ہیں۔
نیتن یاہو نے کہا کہ اگرچہ ڈونلڈ ٹرمپ وائٹ ہاؤس میں اسرائیل کے لیے اب تک کے سب سے بہترین دوست ہیں، لیکن وہ اسرائیل کے واحد دوست نہیں۔
انہوں نے کہا کہ ’بھارت کی آبادی 1.4 ارب ہے، اور وہاں ہمیں زبردست حمایت حاصل ہے‘۔
اسرائیلی وزیراعظم نے اپنے فیس بک پیج پر ملنے والی بھرپور حمایت کا بھی ذکر کیاجس کا تعلق بظاہر بھارتی صارفین سے ہے اور تاثر دیا کہ یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ بھارت میں اسرائیل کے لیے غیرمعمولی عوامی حمایت موجود ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ اسرائیل کے ’اور بھی بہت سے دوست‘ ہیں، تاہم انہوں نے دیگر ممالک کے نام نہیں بتائے۔
نیتن یاہو کا کہنا تھا کہ اگرچہ مختلف ممالک میں اسرائیل مخالف جذبات میں اضافہ ہوا ہے، لیکن اس کے باوجود دنیا کے متعدد رہنما دفاع، ٹیکنالوجی اور دیگر شعبوں میں اسرائیل کے ساتھ تعاون کے خواہاں ہیں۔
واضح رہے کہ امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے گزشتہ ماہ امریکا اور ایران کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر آنے والے اسرائیلی ردعمل پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ اس وقت پوری دنیا میں واحد سربراہِ مملکت ہیں جو اسرائیل کے ساتھ ہمدردی رکھتے ہیں۔ اگر میں اسرائیلی کابینہ کا رکن ہوتا تو اپنے واحد طاقتور اتحادی پر تنقید نہ کرتا‘۔



